خواب تعبیر
متن کا سائز
100%

علم حدیث میں امام ابن سیرینؒ کا بلند پایہ مقام

حدیث بیان کرنے کا سب سے اہم اصول یہ ہے کہ واقعہ اسی شخص کی زبانی نقل کیا جائے جو اس میں خود شریک تھا، یا جس نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو خود کوئی کام کرتے یا فرماتے دیکھا تھا۔ اگر راوی نے خود کچھ نہیں دیکھا تو ضروری تھا کہ اس تک پہنچنے والے تمام راویوں کے نام اور ان کی دینی حالت و امانت داری بھی بتائی جائے۔ یہ کام انتہائی مشکل تھا، مگر بعد کے محدثین نے اپنی زندگیاں اسی کام کے لیے وقف کر کے اسے ممکن بنا دیا۔

امام محمد بن سیرینؒ محدثین کی صف اول میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے یہ اصول قائم کیا کہ صرف اہلِ سنت و جماعت سے ہی حدیث لی جائے، جبکہ روافض، خوارج، معتزلہ اور دیگر فرقوں کی روایات پر اعتماد نہ کیا جائے۔ امام ذہبیؒ اپنی کتاب کے دیباچے میں عاصم کے حوالے سے لکھتے ہیں کہ محمد بن سیرینؒ نے فرمایا: شروع میں حدیث بیان کرتے وقت سند کا خیال نہیں رکھا جاتا تھا، مگر جب فتنے پیدا ہوئے تو ہم نے یہ اصول بنایا کہ صرف اہلِ سنت و جماعت کی حدیث ہی بیان کی جائے۔